Ads

Breaking News

غیر مسلم ریفری نے اذان کے احترام میں میچ روک دیا

عرب میڈیا کے مطابق مملکت میں جاری سعودی کنگ فٹ بال کپ کے دوران ایک غیر مسلم ریفری مارک کلیٹن برگ اس وقت توجہ کا مرکز بن گیا جب اس نے اذان کی آواز سنتے ہی میچ میں وقفہ کردیا۔
کنگ سلمان بن عبدالعزیز سٹی اسٹیڈیم میں الفتح اور الفیح کے مابین میچ مقررہ وقت پر ایک ایک گول سے برابر تھا اور میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 5 منٹ اضافی دیے گئے۔ ابھی اضافی منٹس میں مقابلہ جاری تھا کہ مقامی مسجد سے اذان کی صدا بلند ہوئی جو کانوں پر پڑتے ہی ریفری نے فوری طور پر وسل بجاکر میچ روک دیا۔
وقفہ ملنے پر کچھ پلیئرز آرام کی غرض سے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے جب کہ بعض موقع غنیمت جانتے ہوئے میدان میں بیٹھ کر خود کو تازہ دم کرنے لگے۔

اذان ختم ہونے پر میچ دوبارہ شروع کیا گیا جو اضافی وقت کے اختتام پر بھی ایک ایک گول سے برابر رہا، میچ تو کوئی ٹیم نہیں جیتی تاہم  ریفری نے سب کے دل جیت لیے، اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے مذہبی احترام کے اس غیر معمولی اقدام پر ریفری کو خراج تحسین پیش کیا۔
غیرمسلم ریفری کی جانب سے اذان کا احترام کرنے پر نہ صرف سعودی حکام نے ان کی تعریف کی بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں نے ان کے لیے نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

No comments