Ads

Breaking News

جاپان میں غلطی سے شمالی کوریا کے میزائل حملے کا الرٹ جاری

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپانی سرکاری چینل نے شمالی کوریا کے میزائل حملے سے متعلق غلطی سے ایک ایسا الرٹ جاری کردیا جس نے پورے جاپان میں ہلچل مچادی جب کہ الرٹ میں نہ صرف حملے سے متعلق بتایا گیا بلکہ شہریوں کو فوری طور پر پناہ گاہ تلاش کرنے کا بھی کہا گیا۔
واقعہ اُس وقت رو نما ہوا جب جاپانی چینل این ایچ کے کی جانب سے انٹرنیٹ پر اپنی ویب سائٹ اور سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر غلطی سے پیغام جاری کردیا گیا کہ ایسا لگتا ہے کہ شمالی کوریا نے جاپان پر میزائل فائر کردیا ہے اور حکومت کی جانب سے تمام شہریوں کو حفاظتی اقدام کے لیے عمارات کے اندرونی حصوں میں رہنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
بعد ازاں جاپانی ٹی وی نے کچھ دیر بعد ہی نہ صرف ٹوئٹر اور ویب سائٹ سے اپنی خبر کو ہٹادیا بلکہ اپنے شہریوں سے کئی بار غلطی پر معذرت کی اور کافی دیر تک ٹی وی اور انٹرنیٹ پر معافی مانگتے رہے۔ معذرت کرتے ہوئے ٹی وی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ میسج ایک غلطی ہے اور  ہمیں اس بات کا بہت افسوس ہے۔
واضح رہے کہ جاپانی سرکاری چینل کی جانب سے جاری یہ غلط پیغام عین اُس وقت جاری کیا گیا جب ایک دن پہلے ہی ایک سرکاری ادارے کی جانب سے غلطی سے شمالی کوریا کے حملے کی خبر موبائل فون کے ذریعے پوری ریاست میں بھیج دی گئی تھی۔


No comments