Ads

Breaking News

شلپا شندے بگ باس سیزن 11 کی فاتح قرار

بھارتی متنازع شو بگ باس گزشتہ کئی سال سے بھارت سمیت کئی ممالک میں دیکھا جاتا ہے جس کی سب سے اہم وجہ دبنگ اداکار سلمان خان کی میزبانی اور دوسری اہم وجہ شو کا متنازع ہونا ہے جو ہر سال شروع ہونے سے پہلے ہی لڑائی جھگڑوں اور دیگر مسائل کو اپنے ساتھ لے کر آتا ہے لیکن اپنی اسی مقبولیت کی وجہ سے اپنی مثال آپ ہے اور اب یکم اکتوبر کو شروع  ہونے والے سیزن 11 کے اختتام پر شو کے فائنل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق متنازع شو بگ باس سیزن 11 کے فائنل کی ٹرافی ڈرامہ’ بھابھی جی گھر پر ہے‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ شلپا شندے نے اپنے نام کرلی۔ شلپا شندے نے اپنی ٹرافی بالی ووڈ  اداکار سلمان خان اکشے کمار سے وصول کی۔
بگ باس سیزن 11 کے آخری 15 ہفتے گزارنے والے شلپا شندے اور حنا خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا اور آخری وقت تک دونوں کے درمیان آن لائن ووٹنگ کرائی گئی اور اُس دوران سلمان خان نے دونوں کھلاڑیوں  کی والدہ کو کال کرکے شو کے فاتح کا پوچھا جس پر دونوں کی والدہ نے اپنی اپنی بیٹی کو فاتح قرار دیا۔ جب کہ شو کو پر لطف بنانے کے لیےشو میں پرانے سیزن کے کھلاڑوں کو بھی بلایا گیا جن سے شلپا اور حنا میں سے جیتنے والے کا نام پوچھا گیا تو سب نے مختلف رائے دیں۔
اس سیزن کی کھلاڑی اور متنازع  تصاویر اور بیانات کی وجہ سے پہچانی جانے والی اداکارہ عرشی خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹرپر اپنے ایک  ٹوئٹ میں شلپا شندے کو شو کا فاتح قرار دیتے ہوئے لکھا کہ شلپا بگ باس سیزن 11 جیت چکی ہیں۔

فائنل کو چار چاند لگانے کے لیے اکشے کمار کو بھی مدعو کیا گیا جنہوں نے سائیکل پر آکر اسٹیج انٹری دی جب کہ شو میں بگ باس سیزن کے دیگر کھلاڑوں نے اپنی  ڈانس پرفارمنس سے دیکھنے والوں کو حیران کردیا جب کہ اس موقع پر سلمان خان کو ملنے والی دھمکیوں کی وجہ سے سخت سیکیورٹی رکھی گئی۔
واضح رہے کہ بگ باس سیزن 11 یکم اکتوبر کو 19 امیدواروں کے ساتھ شروع ہوا تھا، 15 ہفتے اور 105 دن کے بعد فاتح کھلاڑی کا نام سامنے آنے پر یہ شو ختم ہوگیا۔


No comments